رب کریم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کیلئے نماز کا تحفہ عطا کیا : فرحت حسین شاہ

مورخہ: 15 جون 2012ء

عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دلوں کو معمور کرلو کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے
منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم سید فرحت حسین شاہ کا تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام معراج النبی (ص) کانفرنس سے خطاب

معراج شریف کا ہی مبارک موقع تھا جب رب کریم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کیلئے ’’نماز‘‘ کا تحفہ عطا کیا۔ امت کی خوشی کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے شب معراج کے موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 3 طرح کے علوم عطا فرمائے۔ ایک وہ علم جو آپ کیلئے خاص ہے۔ آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں۔ تیسرا علم وہ ہے جس کو کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔

ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم سید فرحت حسین شاہ نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام واہگہ ٹاؤن میں منعقدہ معراج النبی کانفرنس (ص) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ محمد حسین آزاد، علامہ آصف اکبر میر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب اور دیگر علماء و مشائخ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ جب رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج شریف کے مبارک سفر سے واپس تشریف لائے تو دروازے کی کنڈی ہل رہی تھی، بستر گرم تھا اور وضو کا پانی بہہ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اور برکتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔

 

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top